پڑھے لکھے بلوچستان کے وژن کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے،صوبائی سیکرٹری تعلیم شان الحق

منگل 21 فروری 2017 11:31

کوئٹہ۔21فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) صوبائی سیکرٹری تعلیم شان الحق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نئے تعلیمی اداروں کے قیام، موجودہ تعلیمی اداروں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور معیار تعلیم کی بہتری کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد شروع کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لئے تعلیمی بجٹ میں کئی گنا اضافہ کرکے صوبہ بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی ہے ۔

صوبائی حکومت نے شروع دن سے ہی تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر آگے لیجانے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت تعلیمی بجٹ 4فیصد سے بڑھا کر24فیصد تک پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ پرائمری سکولوں کو مڈل ، اور مڈل کو ہائی سکول کا درجہ دینے ، ضرورت کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سکولوں میں سہولیات کے اضافے کی جانب خصوصی توجہ دیتے ہوئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سیسا کی طرف سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں 70فیصد کے قریب اسکول بند ہیں۔ لیکن یہ اعداد و شمار حقائق کے برعکس ہیں اور ان میں کو ئی صداقت نہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے میں 90فیصد سے زائد اسکول فعال ہیں۔ صوبہ بھر بلخصوص دور دراز علاقوں میں اساتذہ تعلیمی خدمات احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں صرف 5سے 6فیصد اسکول غیر فعال ہیں۔ جنہیں مکمل فعال کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سیکرٹری تعلیم نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ نئی نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے پڑھے لکھے بلوچستان کے وژن کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :