پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کیجانب سے لاہور، سیہون اور ملک کے دیگر شہروں میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر اظہار تشویش اور شہداء کے ورثاء سے تعزیت و ہمدردی کیلئے تاجر تنظیموں کا اجلاس

منگل 21 فروری 2017 03:10

سکھر۔ 20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کیجانب سے لاہور، سیہون اور ملک کے دیگر شہروں میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر اظہار تشویش اور شہداء کے ورثاء سے تعزیت و ہمدردی کیلئے تاجر تنظیموں کا ایک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سانحہ سیہون سمیت دہشتگردوں کے دیگر واقعات میں شہید ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا مانگی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ قیام امن کیلئے ملک بھر کی تاجر برادری نے ہمیشہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اجلاس میں موجود تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے تجارتی علاقوں میں کڑی نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

کسی بھی مشکوک و مشتبہ شخص کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کو دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلام، ملک اور عوام دشمن قوتیں اور ان کے آلہ کار ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں مگر تاجر برادری پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دے گی۔ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے نہیں بچ سکیں گے ۔ انہوں نے ملک بھر کی تاجر برادری اور سکھر کی تاجر تنظیموں کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کرنے کو حب الوطنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری امن و امان کے قیام کیلئے اپنا مثبت تعمیری اور نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔

اجلاس میں سکھر شہر کی 52 سے زائد تاجر تنظیموں کے صدر و جنرل سیکریٹری گلزار بھٹو ،حاجی صابر ، فیاض خان، مولانا عثمان فیضی، بدر رفیق قریشی، خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، ملک رضوان الحق، عبدالرحمن انصاری، حاجی محمد شفیع عباسی ، برکت علی سولنگی ، عبدالرحیم سیٹھی، زاہد اقبال ، عطا محمد قریشی ،شاکر کمبوہ اور محمد علی میمن ، رضوان لالا جندہ و دیگر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :