شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں سانحہ سیہون شریف کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی

منگل 21 فروری 2017 22:27

سکھر۔ 21فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میںادارہ بین الاقوامی تعلقات کے زیرِ اہتمام سانحہ سیہون شریف کیخلاف ایک مذمتی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس احتجاجی ریلی میں ادارے کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مذمتی نعرے درج تھے۔

یاد رہے کہ اس سانحے میں 80سے زائد زائرین شہید ہوگئے اور متعدد زائرین زخمی ہوئے۔ اس موقع پر ادارہ برائے بین الاقوامی تعلقات کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امیر احمد کھوڑو، پروفیسر غلام مصطفی بلیدی، پروفیسر سرفراز کوریجو، عشرت علی میرانی اور طلبہ و طالبات نے خطاب کیا۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مقدس مزارات پت ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظتی سورتحال کو بہتر بنانا ، انتہا پسندوں، کالعدم مذہبی تنظیموں پر عقابی نظر رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا یقینی خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوفی بزرگوں کا پیغام امن، برداشت، ہم آہنگیاور بھائی چارے کا پیغام ہے۔ سندھ صوفیائے کرام کے آفاقی پیغام کی وجہ سے امن و برداشت کی دھرتی ہے۔ یہاں پر دہشتگرد حملے امن و برداشت کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔