Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ،عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل معاونت کے لئے طلب

منگل 21 فروری 2017 22:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس کے زائد المیعاد ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی متفرق درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو (آج)بدھ کو معاونت کے لئے طلب کر لیا ہے۔ لارجر بنچ تشکیل دینے سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دائر متفرق درخواست کی سماعت منگل کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمران خان کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی کہ زائد المیعاد ریفرنس پر کارروائی روکنے کی درخواست کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیکر نے 5 ستمبر 2016ء کو چیئرمین تحریک انصاف کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جو آئینی طور پر 90 روز میں نمٹایا جانا تھا اس لئے 4 دسمبر کو یہ ریفرنس زائد المیعاد ہو چکا ہے اس لئے الیکشن کمیشن اس پر مزید کارروائی کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ اس پر فاضل چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :