فتح جنگ ،ایوان میںتمام ممبران کو مساوی حیثیت اور اہمیت دی جائے گی، ایمان طاہر

منگل 21 فروری 2017 22:05

فتح جنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا کہ ایوان میںتمام ممبران کو مساوی حیثیت اور اہمیت دی جائے گی۔ انہوںنے ضلع کونسل کے تمام ممبران سے اپیل کی کہ آئندہ اجلاسوں میں اپنے علاقوں کے مسائل بہتر انداز میں ایوان میں زیر بحث لائیں اور دیگر ضلعی محکموں کے حوالے سے بھی جو شکایات اور تجاویز ہیں ایوان میں پیش کریں تاکہ ضلع کونسل کو موثر انداز میں چلایا جاسکے۔

وہ گذشتہ روز ضلع کونسل اٹک کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں ضلع کونسل کا اجلاس زیر صدارت سردار محمد عارف خان وائس چیئرمین ضلع کونسل اٹک منعقد ہوا۔ چیئر پرسن نے کہا کہ ہر سیشن میں مفاد عامہ کے معاملات کو زیر بحث لاکر عوامی خدمت کے جذبے کو عملی رنگ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلع کونسل اٹک میں شکایات سیل قائم کیا گیا ہے جس میں ایک سو سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان شکایات کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے ۔

اجلاس میںبتایا گیا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تحت ضلع کونسل بائی لاز کی تیاری کے لیے سب کمیٹی کی تشکیل کے لیے معزز ایوان سے اراکین کا انتخاب کرے گی۔ اس کے علاوہ ضلع کونسل کا اجلاس ہر ماہ کم از کم ایک مرتبہ ضرور منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ ضلع کونسل اٹک کے مختلف امورنمٹانے کے لیے سب کمیٹیوں کی تشکیل بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ان سب کمیٹیوں میں کمیٹی برائے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ اینڈ ریونیو، کوڈ آف کنڈکٹ ، ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ مشاورتی کمیٹی برائے قانون، کمیٹی برائے سپورٹس اینڈ کلچر ، حقوق و ترقی خواتین ، جائزہ سٹاف ضلع کونسل ،کمیٹی برائے ضابطہ اخلاق حتمی قوانین، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹبلٹی کمیٹی ، کمیٹی برائے پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ ،کمیٹی برائے ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن شامل ہیں۔

اجلاس میں مندرجہ بالا کمیٹیوں کے ممبران کا چناؤ مشاورت سے عمل میں لایا جائے گا۔آئندہ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تحت مندرجہ بالا کمیٹیوں کی تشکیل اور دیگر امور چلانے کی بھی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے جس کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے تمام ممبران ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حیثیت کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ضلع میں عوامی ترقی کا انقلاب برپا ہوسکے۔ممبران ضلع کونسل نے اجلاس میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئر پرسن ضلع کونسل کو عوامی فلاح بہبود کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کروائی۔اجلاس میں اراکین نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں جس پر آئندہ اجلاسوں میں مکمل عمل در آمد کی یقین دھانی کروائی گئی۔