قومی اثاثوں کی لوٹ سیل سے ملک کنگال ہو جائیگا ،بڑے ہوائی اڈے سستی روٹی کی طرح نیلام کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی کا حکومت کی نجکاری پالیسی پر ردعمل کا اظہار

منگل 21 فروری 2017 20:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے حکومت کی نجکاری پالیسی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اثاثوں کی لوٹ سیل سے ملک کنگال ہو جائے گا ، ملک کے بڑے ہوائی اڈے سستی روٹی کی طرح نیلام کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی یہ عادت رہی ہے کہ اقتدار میں آکر ملک کو قومی اثاثوں سے محروم کرتی ہے۔

اگر یہی روش جاری رہی تو ریاست کے پاس کوئی اثاثہ باقی نہیں رہے گا۔

(جاری ہے)

یہی کام جنرل مشرف نے بھی کیا اور ایسے بڑے منافع بخش ادارے بھی نیلام کئے جن کے اثاثے نیلامی کی بولی سے سینکڑوں گنازیادہ ہیں مگر قومی احتساب بیورو نے اس قدر میگا کرپشن پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ نیب کی ڈیوٹی صرف ڈاکٹر عاصم حسین پر جھوٹے اور بے بنیاد ریفرنسز کے ذریعے یرغمال کر رکھنے تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم حسین کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ ملک کوگیس کی پیداوار میں خودکفیل بنانے کے لئے کام کر رہے تھے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ قطر سے خریدی جانے والی گیس بھی بہت بڑا مالی اسکینڈل ہے کیونکہ سارا کام بغیر ٹینڈر کے کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :