کالعدم تنظیم کے 3سہولت کاروں کی رہائی کی درخواستیں مسترد

معاشرے کا امن برباد کرنے والے ضمانت کے مستحق نہیں‘لاہور ہائیکورٹ

منگل 21 فروری 2017 20:11

کالعدم تنظیم کے 3سہولت کاروں کی رہائی کی درخواستیں مسترد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء)لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کے 3سہولت کاروں کی رہائی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ معاشرے کا امن برباد کرنے والے ضمانت کے مستحق نہیں ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار نے کالعدم تنظیم کے سہولت کاروں وقار علی ، سہیل بابر اور شوکت علی کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رانا تصور نے ملزمان کے خلاف ریکارڈ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزمان ڈی سی آفس کی لائسنس برانچ میں کام کرتے تھے اور انہوں نے دہشت گردوں کو جعلی اسلحہ لائسنس بنوا کر دیئے ۔ ملزمان سے کلاشنکوفیں ، اسلحہ لائسنس اور کالعدم تنظیم کے کتابچے برآمد ہوئے ہیں اور تینوں کے تفتیش کے دوران دہشت گردوں کے تعلقات بھی ثابت ہوئے ہیں۔جس پر فاضل عدالت نے قرار دیا کہ معاشرے کا امن برباد کرنے والے ضمانت کے مستحق نہیں۔ جس کے بعد تینوں سہولت کاروں کی رہائی کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔