وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی مختلف ملکوں کے وفود اور عالمی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں

منگل 21 فروری 2017 19:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے عالمی نمائش آئیڈیکس میں تیسرے دن بھی مصروف دن گزارا‘مختلف ملکوں کے وفدوں اور عالمی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کی ۔ رانا تنویر حسین نے ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی فروخت کی پیشکش کی اورمشترکہ دفاعی پیداوارکے علاوہ مصنوعات کی درآمدات اور برآمدات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے آلیسن ٹرانسمیشن کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران مفید بات چیت کی ہے۔آلیسن ٹرانسمیشن ایک امریکن ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو کہ گاڑیاں بنانے میں نمایاں مقام رکھتی ہے اس کے علاوہ رانا تنویر حسین نے جنوبی افریقی کمپنی ڈاکنگ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جو آگ بجھانے والے آلات تیار کرنے کے علاوہ ریموٹ کنٹرولڈ روبوٹ بھی بناتی ہے جو خطرناک حالات میں بھی کام کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے راک ویل کالنز اور نارتھراپ گرومن کمپنیوں کے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور گہری دلچسپی لی۔ یہ دونوں کمپنیاں دفاعی آلات کے ڈیزائن اور تیاری میں دنیا بھر میں نمایاں ہیں۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے چیک ریپبلک کے وزیر تجارت اور صنعت سے بھی ملے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی وزیر پبلک انٹرپرائز سے ملاقات کے دوران پاکستان کے دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی ہے۔رانا تنویر حسین کے دورے کی خاص بات پاکستان اور یوکرین کے درمیان دفاعی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہیں ۔ پاکستان اور یوکرین ٹینکوں کی تیاری اور مرمت کے علاوہ انہیں جدید بنانے میں تعاون کریں گے۔