چینی سفیر کی چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی سے ملاقات

پارلیمانی تعلقات کے فروغ اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کیلئے مل کر کام کرنے پراتفاق

منگل 21 فروری 2017 19:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) پاکستان اور چین پارلیمانی تعلقات کے فروغ اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے لیے مل کر کام کریںگے۔اس بات کا اعادہ چین کے پاکستان میں سفیر کی چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی سے ہونیوالی ملاقات میں کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سی پیک کے فوائد واضح ہورہے ہیں اور اس سے خطے میں ترقی کے ایک نئے دورکا آغاز ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی حالات بالخصوص مغربی تنگ نظر قومیت کی سوچ دونوں ملکوں کے مابین رابطوں میں مزید مضبوطی لانے متقاضی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء کو خطے کی ترقی اور تنازعات کے حل کے لیے علاقائی حل تلاش کرنا ہوگا کیوںکہ ان مسائل کے لیے مغربی دنیا کی جانب دیکھنا بے سود ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوظہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مغربی دنیا اور انسانی حقوق سے متعلق تنظیموں کی خاموشی مایوس کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری ترقیاتی عمل کے ذریعے امن کے قیام میں انتہائی موثر کردار ادا کرسکتی ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کے مزید فروغ سے دیرینہ تعاون کو مزید پروان چڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے کئی ایک عالمی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اور موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سی پیک منصوبہ ایک حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ چین کی قیادت پاکستان کے صوبوں کے وزراء اعلیٰ کے مابین ہونیوالی ملاقات سے اعتماد کی فضاء کو زیادہ بہتر بنانے اور منصوبے کی تکمیل میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :