قومی سلامتی کے مشیر جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کی آسٹریلیا کے انسداد دہشتگردی کے سفیر پال فولے سے ملاقات

جنوبی ایشیاء خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں،خطے میں سٹرٹیجک استحکام وقت کی ضرورت ہے ،جنرل (ر)ناصر جنجوعہ پاکستان اور افغانستان کو ملکر دہشتگردوں کیخلاف لڑنا ہوگا اور مشترکہ جدوجہد سے اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا ، مشیر قومی سلامتی حکومت آسٹریلیا سی پیک سے معاشی فائدہ اٹھانے بارے حالات کا مکمل جائزہ لے گی، پال فولے

منگل 21 فروری 2017 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) قومی سلامتی کے مشیر جنرل(ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے پاکستان نے عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں،خطے میں سٹرٹیجک استحکام وقت کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے آسٹریلیا کے انسداد دہشتگردی کے سفیر پال فولے سے ملاقات میں کہی۔

مذاکرات میں پاکستان میں اسٹریلیا کے ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔قومی سلامتی امور کے مشیر جنرل(ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ اس پورے خطے میں سلامتی واستحکام اور امن کیلئے ضروری ہے کے افغانستان میں امن قائم ہو۔قومی سلامتی کے مشیر نے آسٹریلین وفد سے پاکستان اور بھارت کے مابین سیکورٹی امور پر باہمی تعاون اور استحکام کے حوالے سے حالات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت الزامات لگانے سے گریز کرے کیونکہ ایسی صورت حال مددگار ثابت نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو ملکر دہشتگردوں کیخلاف لڑنا ہوگا اور مشترکہ جدوجہد سے اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا اور اس مقصد کے لئے مشترکہ انسداد دہشتگردی لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا،ان حالات پر قابو پاکر دونوں ملک اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے محل وقوع میں واقع ہے جس سے پورا خطہ فائدہ اٹھا سکتا ہے اور خطے کے پورے ممالک پاکستان کے ذریعے دنیا کے دیگر ممالک سے معاشی طور پر اپنے روابط مستحکم کرسکتے ہیں اور پاکستان معاشی میدان میں خط کے دیگر ممالک کے لئے گیٹ دے کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے ممالک کو معاشی طور پر فائدہ پہنچا سکتا ہے۔

ناصر جنجوعہ نے آسٹریلین وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے بھی آگاہ کیا۔آسٹریلین سفیر نے بھی انسداد دہشتگردی اقدامات بارے قومی مشیر کو آگاہ کیا اور علاقہ امن سلامتی کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تحسین کی،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر حکومت کی تعریف کی۔آسٹریلین سفیر نے کہا کہ حکومت آسٹریلیا سی پیک سے معاشی فائدہ اٹھانے بارے حالات کا مکمل جائزہ لے گی کیونکہ سی پیک ایک مثبت اقدام ہے،آسٹریلین سفیر نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔(ولی)