بنیادی عقائد کی اصلاح اور پُر امن معاشرے کے قیام میں علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔عنایت الله

منگل 21 فروری 2017 19:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت الله خان نے کہا ہے کہ بنیادی عقائد کی اصلاح، سماجی برائیوں کے خاتمے اور پُر امن معاشرے کے قیام میں علماء کا کردار انتہائی اہم ہے لہذٰا علماء متحد ہو کر مثالی معاشرے کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

یہ بات انہوں نے فنانس کمیٹی روم پشاور میں ضلع و تحصیل خطباء کے مسائل کے حوالے سے منعقعدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی وزراء مظفر سید ایڈوکیٹ ، حاجی حبیب الرحمن ، سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ، سیکرٹری اوقاف ہدایت الله، خطباء او دیگر افسران نے شرکت کی۔حاجی حبیب الرحمن نے ڈسٹرک و تحصیل خطباء کے مسائل اور محکمہ اوقاف کے ترقیاتی فنڈ کے اجراء پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ امام اور خطباء کے کردار سے انکار ناممکن ہے ان کا معاشرے کی اصلاح میں اہم کردا ر ہے لہذا ان کے مالی مشکلات سمیت دیگر تمام مسائل حل کرنے کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور ضروری کاروائی مکمل کی جائے تاکہ خطباء بھی حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں ضلع و تحصیل خطباء کے مسائل حل کرنے کیلئے سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو اس سلسلے میں اپنی حتمی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔