ماہی گیروں کا حقوق کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

منگل 21 فروری 2017 19:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء)ماہی گیروں نے اپنے حقوق کے حصول کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ 3ماہ سے ماہی گیروں کو بغیر شناختی کارڈ کے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جس کے بعد ماہی گیروں میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ نوبت فاقہ کشی کی آچکی ہے اسی لئے حالات سے تنگ آکر اعجاز نامی ماہی گیر نے خود کشی کرلی جبکہ اب صورت حال مزید گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔

ہم نے اس بلا جواز پابندی کے خلاف متعلقہ حکام کو متعدد بار گزارشات اور سفارشات دیں مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی اسی لئے اب ہم نے اپنے حقوق کے حصول اور ماہی گیروںکی زندگیوںکی بقاء کیلئے باضابطہ تحریک چلانے کا فیصلہ کیاہے ۔اس بات کا اعلان پاک ماہی گیرویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل راشدسردارنے اپنے دفترمیں منعقدہ اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںپاک ماہی گیرویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سردارمعین،صدرعلاؤالدین ناکوا،سیکریٹری جنرل راشد سردار،سینئربائب صدربشیراحمد،نائب صدرزین العابدین،جوائنٹ سیکریٹری یونس شیخ،سینئرممبران محمد رحمان،محمد حنیف،قادرناکوا،سلیم مول والا،غفورناکواسمیت دیگررہنماؤںنے اپنے دفتر میںمنعقدہ اجلاس میں فیصلے میںکیا۔ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ ابتداء میں ہم حکومتی اور سرکاری حکام، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کریں اور اگر اس کے بعد بھی کوئی حل نہ نکلا تو پھر مجبوراً ہم احتجاجی مظاہرہ و ہڑتال اور پھر خود سوزیوں کی طرف جائیں گے۔

ہماری صدر، وزریر اعظم، آرمی چیف، وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ ہماری داد رسی کی جائے۔