پاکستان کے استحکام ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نئی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے ہوں گے،جان محمد بلوچ

منگل 21 فروری 2017 19:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نئی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے ہونگے، تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، وطن عزیز کا ایک ایک بچہ بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے ایسے تعلیمی معیار کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں انہیں پرائیوٹ اسکولوں کی طرز پر اعلیٰ تعلیم اور بہترین سہولیات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، غریب بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے سماجی کارکنان بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیں ،ملیر یوتھ آلائنس اور سوشل ویلفیر آرگنائزیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ ملیر میں تعلیم کیلئے کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں ، تعلیم کے حوالے سے درپیش مشکلات کے حل کیلئے عوام کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ملیں گے، ایسے وقت میں جب تنگدستی کی وجہ سے غریب لوگ اپنی اولادوں کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم دلوانے کے لئے بھیجتے ہیں تو ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم غریب عوام کو ہر سطح پر تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر یو تھ آلائنس اور سوشل ویلفیر آرگنائزیش کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔میٹنگ میں سوشل ویلفیئر کمیٹی کی چیئرپرسن زیب النساء، صدر ڈسٹرکٹ ملیر سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن ظفر حماد، جنرل سیکرٹری منور حسین، ملیر یوتھ الائنس کو آرڈنیٹر تحسین بلوچ، وومن الائنس کوآرڈنیٹر نسرین حسین شریک تھے۔ وفد نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے اپیل کی کہ ڈسٹرکٹ ملیر میں تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے ہماری رہنمائی کی جائے تاکہ غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے تمام بچے تعلیم حاصل کر سکیں، چیئرمین جان محمد بلوچ نے آئے ہوئے وفد کو اپنے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر میں تعلیم کے حوالے سے تمام وسائل برئوے کار لا رہے ہیں، سماجی کارکنان اور عوام کی جانب سے سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم میں ہر ممکنہ اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ ضلع ملیر کاہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے اور ریاست کی ذمہ داری پوری ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :