شہدادپور،صحافی ایاز ڈاہری کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کے خلاف ریلی، احتجاجی مظاہرہ

منگل 21 فروری 2017 19:41

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) پریس کلب شہدادپور کی جانب سے شاہپور چاکر کے صحافی ایاز ڈاہری کے خلاف شاہ پور چاکر تھانے میں پولیس کی جانب سے جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کے خلاف ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ریلی میں صدر ارشاد ظفر بخاری ، چیئرمین ڈاکٹر محمد رفیق شیخ ، محمد رمضان پنھور ، قمر ملک ، قاسم کلوئی ،نور سندھی ، سجاد خاصخیلی ، مہدی حسن پنھور ، شمشیر حیدری ، نیاز جانی ، اسلم خاصخیلی ، بشیر میمن ، فقیر محمد چانڈیو ، رانا ندیم سلیم ، محمد اقبال ودیگر صحافی شامل تھے ۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے ۔ اس موقع پر صحافی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے خلاف حقیقت پر مبنی خبروں کی اشاعت پرشاہ پورچاکر پولیس نے صحافی پر جھوٹی ایف آئی آر درج کی ہے اور صحافی کو سخت نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم صحافی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور صحافیوں کو کسی بھی دھونس دھمکی کے ذریعے من پسند خبریں لگانے پر مجبور کرنے کے کسی بھی عمل کی ہم سخت الفاظوں میں مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ صحافی ایاز ڈاہری پر درج جھوٹا مقدمہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔