حکومت پنجاب تشدد سے متاثرہ خواتین کو فوری امداد کیلئے اضلاع میں داد رسی مراکز قائم کررہی ہے،سلمان صوفی

منگل 21 فروری 2017 19:49

لاہور۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) ہارورڈ یونیورسٹی میں خواتین کے تحفظ اور حقوق کے بارے میں خصوصی مباحثہ منعقد ہوا۔چیف منسٹر پنجاب سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی کو ہارورڈ یونیورسٹی میں طلبہ اور اساتذہ کوبریفنگ کے لئے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔سلمان صوفی نے خواتین پر تشدد کے سدباب کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ایم این اے نفیسہ شاہ اور ڈبلیو آئی ایس ای کے بانی رکن رانا عبدالحمیدبھی مباحثے میں شریک تھے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سندھ میں عزت کے نام پر قتل سے متعلق بل سے آگاہ کیا۔ ہارورڈ یونیورسٹی میں خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایس آر یو سلمان صوفی نے شرکاء کو پاکستان میں خواتین کے تحفظ اور تشدد کے سدباب کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت پنجاب خواتین پر تشدد کے واقعات پر سدباب اور متاثرہ خواتین کو فوری امداد کے لئے اضلاع میں داد رسی مراکز قائم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر ملتان میں پہلا داد رسی مرکز یعنی وی اے ڈبلیو سنٹر جلد اپنا کام شرو ع کر دے گا،سلمان صوفی نے بتایا کہ ڈبلیو اے وی ایکٹ 2016کے تحت خواتین پر زبانی ،جسمانی،معاشی اور نفسیاتی استحصال اور تشدد کا سدباب کیا جا سکے گا۔اس سے قبل خواتین پر تشدد اور اس کے سدباب کے لئے موثر قانونی سازی کا فقدان تھا۔وی اے ڈبلیو سنٹر کے ذریعے ڈبلیو اے وی ایکٹ 2016کے نفاذ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جہاں متاثرہ خاتون کو ایف آئی آر کے اندراج ،میڈیکولیگل فرانزک ٹیسٹ،نفسیاتی معاونت سمیت دیگر سہولتیں اور معاونین میسر ہوں گے۔ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے حکومت پنجاب کی طرف سے خواتین کے تحفظ او رحقوق کے لئے کئے جانے والے اقدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :