پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں‘ چوہدری پرو یز الٰہی

بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ’’را‘‘ افغانستان میں اپنے مراکز کے ذریعے پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں کروا رہی ہے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما کی کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 21 فروری 2017 19:46

پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں‘ چوہدری پرو یز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما اورسابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں‘ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ’’را‘‘ افغانستان میں اپنے مراکز کے ذریعے پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں کروا رہی ہے۔

وہ یہاں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہید کی والدہ، بہنوئی میجر (ر) ڈاکٹر نسیم اور دیگر عزیز و اقارب موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) احمد مبین بڑے محنتی، قابل، دلیر اور فرض شناس افسر تھے، وہ کھلی دھمکیوں نہایت جراتمندی سے اپنے فرائض ادا کرتے رہے اور اسی دوران دہشت گردوں کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن گئے، ان کی شہادت پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ’’را‘‘ افغانستان میں اپنے مراکز کے ذریعے پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں کروا رہی ہے۔ انہوں نے چارسدہ میں بم دھماکوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں رینجرز کو آپریشن کیلئے مکمل اختیارات دئیے جائیں، حکومت میں موجود سہولت کار بھی دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ہیں، جیسا کہ میں نے کل اپنی پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ ایک وزیر کو فوری گرفتار کر لیا جائے تو سب کچھ واضح ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد ایک اچھا اقدام ہے۔ فوجی عدالتوں کی بحالی کے بارے میں چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اپنی وجہ سے اس میں تاخیر ہو رہی ہے، انہوں نے اپنی مرضی کا کوئی قانون منظور کروانا ہو تو دس منٹ میں کروا لیتے ہیں۔