نمل میں ’’یکجہتی کشمیر‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ، حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی،میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم

منگل 21 فروری 2017 19:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) میں ’’یکجہتی کشمیر‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم تھے جبکہ مقررین میں پروفیسر فتح محمد ملک، پرویز اقبال چیمہ اور ڈاکٹر محمد خان شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا ہے، اسی لئے پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں جن کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دینا ہے مگر بھارت اس سے مسلسل انکار کرتا رہاہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔

انہوں نے اقوام عالم سمیت اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم ایشو پر توجہ دیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے کر انہیں روکا جائے۔ پروفیسر فتح محمد ملک نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کا فیصلہ اقوام عالم کے سامنے ہے کہ وہ تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود پاکستان پاکستان پکار رہے ہیں، یہی ان کا فیصلہ ہے جس پر عمل کیا جانا چاہئے۔ آخر میں شرکاء نے واک بھی کی اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔