تحریک حریت کی نظربند بشیر احمد کے بیٹے کی بھارتی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت

منگل 21 فروری 2017 17:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس نے جیل میں نظربند بنگڈارہ سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد وانی کے بیٹے محمد رفیق وانی کو دو ماہ قبل بلا جواز گرفتار کیا اور اب اسے رہا کرنے بجائے مختلف تھانوں میں گھما کر ذہنی عذاب میں مبتلا کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ موصوف کے والد بشیر احمد وانی گزشتہ 4ماہ سے وادی سے باہرکی ایک جیل میں نظربند ہیں اور بھارتی پولیس نے محمد رفیق کو گرفتار کرکے اس خاندان پر ایک اور ظلم ڈھایا ہے۔

ترجمان نے بھارتی پولیس کی اس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثناء تحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر پارٹی رہنماراجہ معراج الدین کی قیادت میں ایک وفد سرینگر میںجاوید فاضلی کے گھر گیا اور دس سال بعد جیل سے رہاہونے پرانہیں مبارکباد دی۔پارٹی کا ایک اور وفد ڈانگرپورہ سوپور میںعبدالکبیر چک کے گھر گیا اور ان کے انتقال پر لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ وفد میںعبدالحمید ماگرے، شاہ ولی محمد اور دیگر افراد شامل تھے۔ وفد نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دُعا کی۔

متعلقہ عنوان :