جیلوں میں سیاسی قیدیوں کی مسلسل نظربندی اور حراست کو طوالت دینا بلاجواز اور غیر قانونی ہے ، حریت کانفرنس

منگل 21 فروری 2017 16:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) حریت کانفرنس’’ع‘‘ گروپ نے جموں و کشمیر اور بھارت کی دیگر ریاستوں کی جیلوں میں بڑی تعداد میں قید کشمیری سیاسی قیدیوں کی مسلسل حراست اور کسی نہ کسی بہانے ان کی مدت میں طوالت دینے کو سراسر بلاجواز اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک کثیر تعداد میں مقید محبوسین کو مختلف جیلوں میں طرح طرح کے مسائل اور مشکلات سامنا کرنا پڑ رہاہے اور حکومت سطح پر ان کی رہائی کے اعلانات کے باوجود ان قیدیوں کو نہیں رہا کیا جا رہا ہے بلکہ وقت پر تاریخ ہائے پیشیوں پر عدالتوں میں پیش نہ کر کے ان کی مدت قید کو غیر ضروری طوالت دی جا رہی ہے جس سے ان قیدیوں کے گھر والوں اور رشتہ داروں کو مختلف قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں حریت ترجمان نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ آئے روز کشمیر کے مختلف علاقوں سے مختلف حیلے بہانوں سے نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لا کر یہاں کی نوجوان نسل کو جان بوجھ کر تشدد کے پر دھکیل رہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ سوپور کے مختلف دیہات ، پلوامہ ، شوپیاں اور سرینگر کے کئی علاقوں سے نوجوانوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیلوں کی نذر کیا جا رہا ہے اور اس طرح نہ صرف ان کے مستقبل کو مخدوش بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلکہ سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنا کر ان نوجوانوں کو طرح طرح کے ذہنی اور جسمانی اذیتوں سے بھی گزارا جا رہا ہے ترجمان نے کہا کہ ریاستی حکمران انتقام گیرانہ سیاست کاری کے راستے پر عمل پیرا ہے ۔

متعلقہ عنوان :