چڑیا گھر کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کمشنر سرگودھا

منگل 21 فروری 2017 14:53

سرگودھا۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) سرگودھا میں چڑیا گھر کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کوشش ہے کہ چڑیا گھر کا قیام جلد از جلد عمل میں آئے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر سرگودھا ڈویژن سرگودہا ندیم محبوب نے اپنی گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ پینے کا صاف پانی اور سیوریج سرگودھا کے بڑے مسائل ہیں ،گوالہ کالونی کی تعمیر، ٹرک اڈوں کی شہر سے باہر منتقلی، سروسز روڈ کی بحالی یا اس کے خاتمہ کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں تجاوزات بھی شہر کا سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان مسائل کے حل کیلئے تاجر تعاون کریں وگرنہ انتظامیہ سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہوجائیگی۔انہوںنے کہا کہ غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ زختم کئے جائینگے، سروسز روڈ زکو بحال کرنے کے علاوہ تجاوزات کیخلاف آپریشن بھی کیا جائیگا تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اس میں صحافی اپنااہم کردار ادا کریں۔