ادویات کی تیاری کے دوران غیر معیاری اجزاء کا استعمال ہونے کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 21 فروری 2017 14:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر بیماریوں سے بچائو کے لئے استعمال ہونے والی ادویات کی تیاری کے دوران غیر معیاری اجزاء کا استعمال ہونے کا خوفناک انکشاف ہوا ہے۔

ملک کی نامور فارماسوٹیکل کی 67 بڑی کمپنیوں کی تیار ہونے والی مختلف ادویات کا رزلٹ غیر معیاری ثابت ہونے کے باوجود پروہیشنل کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی بااثر مافیا کے خلاف کاروائی کرنے سے قاصر ہو گئی۔ انسانی جانوں کے لئے خطر ناک قرار دی جانے والی غیر معیاری ادویات کی فراہمی پر سال 2015-16 میں غیر معیاری ادویات ثابت ہونے کے باوجود پابندکی کا سامنا کرنے والی کمپنیوں کو سال 2016-17 میں نئی خرید و فروخت سمیت مبینہ رشوت کے عوض مزید نئی ادویات کی خرید اور مستعد قرار دے کر نئے ٹھیکے بھی جاری کر دئیے گئے۔

(جاری ہے)

غیر معیاری ادویات کا استعمال کرے پر شہری سسکی موت لینے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ 67 ادویات میں سے صرف 23 ادویات کے بیج کو مارکیٹ میں فروخت کے لئے روکا گیا جب کہ باقی 44 ادویات میں غیر معیاری اجزا کی موجودگی کی رپورٹس کو منظر عام پر نہیں لایا گیا۔