بیت المقدس، فلسطینی باشندوں پر عرصہ حیات تنگ، درجنوں مکانات، املاک کی مسماری کے نوٹس جاری

منگل 21 فروری 2017 14:08

بیت المقدس، فلسطینی باشندوں پر عرصہ حیات تنگ، درجنوں مکانات، املاک ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) قابض صہیونی ریاست کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں پر عرصہ حیات تنگ کرتے ہوئے ان کے مزید درجنوں مکانات اور دیگر املاک کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق صہیونی حکام کی طرف سے جاری کردہ حکم ناموں میں مشرقی بیت المقدس میں بدوی سوسائٹی میں فلسطینیوں کی 40 املاک کو سرخ لکیر کے ساتھ ظاہر کرتے ہوئے انہیں مسمار کرنے کے نوٹس جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مقامی فلسطینی شہری جمیل حمادین نے نے بتایا کہ گزشتہ روز اسرائیلی سول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں اور پولیس پر مشتمل ایک گروپ نے مشرقی بیت المقدس میں خان الاحمر کے مقام پر چھاپہ مارا۔ صہیونی حکام نے اس علاقے کو فوجی زون قرار دے کر فلسطینیوں کو اس میں آمدورفت سے روک دیا۔ حمادین نے بتایا کہ صہیونی حکام اپنے ساتھ مکانات مسماری کے نوٹس بھی لائے تھے۔ ان نوٹسز میں رہائشی مکانات، مویشیوں کے باڑے اور دیگر املاک شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے مجموعی طور پر 40 املاک کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔