بھارتی فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونے والا نوجوان جاں بحق ، راجوری میں ایک نوجوان شہید

صدرہ کورٹ میں بھارت مخالف مظاہرے دوسرے روز بھی جاری

منگل 21 فروری 2017 12:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فورسز کے پیلٹس سے زخمی ہونے والانوجوان وسیم احمد ٹھوکر 6ماہ تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد شہید ہوگیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والا وسیم احمد گزشتہ سال مرہامہ میں ایک پرامن مظاہرے کے دوران بھارتی فورسز کے پیلٹس سے شدید زخمی ہواتھا۔

انہیں 300سے زائد پیلٹس لگے تھے اور وہ پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوا۔ وسیم احمدٹھوکر کی شہادت سے حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 120 تک پہنچ گئی۔ احتجاجی تحریک 8جولائی 2016ء کو معروف نوجوان رہنما برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہوئی تھی۔دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کاروائی میں آج ضلع راجوری کے علاقے کیری میںمحاصرے اور تلاشی کی ایک کاروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

(جاری ہے)

ادھرضلع بانڈی پورہ کے علاقے صدرہ کوٹ پائین میں آج دوسرے روز بھی زبردست بھارت مخالف مظاہرے جاری رہے۔ علاقے کے لوگوں نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجی رات کے دوران گھروں میں داخل ہوئے، گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی اور مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھرضلع بارہمولہ میں پٹن کے علاقے محمود پورہ میں کئی روز سے لاپتہ نوجوان شاہد احمد گنائی کی لاش ایک نالے سے برآمد ہوئی ہے۔ علاقے میں ایک اور نوجوان 18سالہ سید جاوید رضوی بھی لاپتہ ہے اور اس کے اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

متعلقہ عنوان :