آسٹریلیامیں چھوٹاطیارہ شاپنگ سنٹرپر گرکرتباہ،تمام سوارپانچ افرادہلاک

واقعے کے وقت شاپنگ سنٹربند تھا،صرف طیارے کے مسافرہلاک ہوئے،ٹرانسپورٹ سیفٹی بیوروکا تحقیقات کا حکم

منگل 21 فروری 2017 11:40

میلبرن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء)آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوکر شاپنگ سینٹر پر جا گرا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ۔جہاز میں سوار افراد کے علاوہ کوئی اور ہلاک نہیں ہوا ،واقعہ کے بعد پولیس نے اس علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا ،آسٹریلیا کے ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے کہا ہے کہ وہ دوہرے انجن والے بیچ کرافٹ بی 200 کنگ ایئر کے سانحے کے بارے میں تفتیش کرے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وکٹوریہ پولیس کے نائب کمشنر سٹیفن لین نے بتایا کہ اس چارٹر طیارے میں چھوٹے ایئرپورٹ ایسنڈون سے اڑنے کے فورا بعد بظاہر تباہ کن خرابی پیدا ہو گئی۔یہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق منگل کو صبح نو بجے حادثے کا شکار ہواطیارے میں سوار تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نائب کمشنر نے کہاکہ ابھی صرف اتنی اطلاعات ہیں کہ جہاز میں سوار افراد کے علاوہ کوئی اور ہلاک نہیں ہوا ۔

واقعہ کے بعد پولیس نے اس علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا ،انہوں نے کہاکہ آگ کے شعلوں کو دیکھتے ہوئے اتنا کہہ سکتے ہیں کہ خوش قسمتی سے شاپنگ سینٹر کے اس حصے یا سٹور کی کار پارکنگ میں اس وقت کوئی نہیں تھا اور کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔یہ شاپنگ سینٹر اس وقت عوام کے لیے کھلا نہیں تھا۔ایک عینی شاہد میکی کاہل نے ہیرالڈ سن کو بتایاکہ مجھے فوراً ہی اندازہ ہو گیا کہ یہ کوئی خطرناک حادثہ ہے۔

ایک دوسرے عینی شاہد ڈینیئل مے نے کہا کہ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب وہ شاپنگ سینٹر کے کھلنے کا انتظار کر رہے تھے۔وکٹوریہ کے پریمیئر ڈینیئل اینڈریو نے کہاکہ آج کا دن بہت ہی اداس کرنے والا ہے اس لیے کہ آج کئی افراد کی موت ہو گئی اور یہ گذشتہ 30 برسوں میں ہماری شہری ہوابازی میں ہونے والا بدترین واقعہ ہے۔خیال رہے کہ ایسنڈون ایئرپورٹ زیادہ تر چھوٹے طیاروں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ سینٹرل میلبرن سے 13 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مغرب میں واقع ہے۔آسٹریلیا کے ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے کہا کہ وہ دوہرے انجن والے بیچ کرافٹ بی 200 کنگ ایئر کے سانحے کے بارے میں تفتیش کرے گا۔