تنزانیہ کے نائب وزیر صحت کا ٹویٹر پر ہم جنس پرستوں کے نام شائع کرنے کی تجویز کا دفاع

منگل 21 فروری 2017 11:21

ڈوڈوما ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) تنزانیہ کے نائب وزیر صحت ڈاکٹر حامیسی کگوانگالا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہم جنس پرستوں کے نام شائع کرنے کی ممکنہ تجویز کا دفاع کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تنزانیہ میں ہم جنس پرستی غیر قانونی ہے اور اس پر 30 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

نائب وزیرصحت نے خبردار کیا ہے کہ جو لوگ آن لائن ہم جنس پرستی پر مبنی سرگرمیوں کی تشہیر کریں گے انھیں بھی سزا ہوسکے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم جنس پرستی کا کوئی سائنسی وجود نہیں یہ ایک سماجی تخلیق ہے۔اپنی ایک ٹویٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ہم جنس پرستی کی کوئی حیاتیاتی بنیاد نہیں ہے، یہ غیر فطری عمل ہے۔نائب وزیر صحت، جو کہ خود بھی ایک ڈاکٹر ہیں کا کہنا ہے کہ ہم جنس پرستی کا تعلق شہری طرز زندگی سے ہے اور تنزانیہ کا وہ چھوٹا سا شہر جہاں سے وہ تعلق رکھتے ہیں وہاں کوئی ہم جنس پرست نہیں تھا۔