بھارتی آرمی کی ویڈیو کے جواب میں پاکستانی جوان نے اپنا کھانا دکھا دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 21 فروری 2017 10:04

بھارتی آرمی کی ویڈیو کے جواب میں پاکستانی جوان نے اپنا کھانا دکھا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21فروری۔2017ء)قریبا ایک ماہ قبل بھارتی فوجی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بھارتی فوجی نے جلا ہوا اور غیر معیاری کھانا دئے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران ہم جیسے سپاہیوں کا خیال نہیں رکھتے ۔ اسی ویڈیو کے جواب میں پاکستان آرمی کے ایک جوان نے آرمی کی جانب سے دئے جانے والے کھانے کی ویڈیو بنا ڈالی۔

پاک آرمی کے جوان نے اس ویڈیو میں بتایا کہ میں پاک فوج کا سپاہی ہوں اور اس وقت کشمیر کے محاذ پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہوں۔پاک آرمی کے جوان نے کہا کہ چند دن قبل سوشل میڈیا پر بھارتی فوجی کی ویڈیو دیکھ کر مجھے بے حد افسوس ہوا ۔ ایک فوجی کی مجبوری اور اس کی حالت ایک دوسرا فوجی ہی بہتر سمجھ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

میری اس ویڈیو کا مقصد ہرگز کسی کی دل آزاری نہیں ہے۔

میں پاکستانی ہونے پر فخر کرتا ہوں۔اور اس ویڈیو کے ذریعے میں دنیا کو یہ بآور کروانا چاہتا ہوںکہ پاک فوج اور ہندوستانی فوج کے درمیان فرق جان لیں۔ اس بات کا اندازہ کر لیں کہ سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے دار اصل میں کیا ہیں۔ پاک آرمی کے جوان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو اپنا کھانا دکھانا چاہتا ہوںجو اس برفانی موسم میں ہمارے یونٹ نے ہمیں مہیا کیا ہے۔

ہمارے لنگر میں آج چنے کا سالن ،حلوہ،انڈے اور گرم پراٹھا جو مجھے ہاٹ پاٹ میں بھیجا گیا ہے، شامل ہیں۔ اس کھانے کے ساتھ تھرموس میں گرم چائے بھی موجود ہے۔ پاک آرمی کے جوان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بات کہنے میں فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ہمارے بالا کمانڈر اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمیں گھر سے اچھا کھانا مہیا کیا جائے۔ پاک آرمی کے اس جوان نے اپنی ویڈیو میں افسران بالا سے درخواست کی کہ ہمیں سرحد پار کھڑے جوانوں کو اپنے راشن کا کچھ حصہ دینے کی اجازت دی جائے۔

یا پھر اس بات کا حکم دیں کہ ہم بارڈر پار موجود بھارتی جوانوں کو سرجیکل اسٹرائیکس کا عملی نمونہ پیش کر سکیں۔اور آخر میں انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ ہندوستانی فوجی نے اپنے سسٹم کے خلاف آواز اٹھائی اور آج تک اس کی بیوی اس کا انتظار کررہی ہے کیونکہ سسٹم کے خلاف آواز اٹھانے پر اسے غائب کر دیا گیا ہے جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد