بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ(کل)شروع ہوگا

منگل 21 فروری 2017 09:21

پونے ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعرات سے پونے میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل کھیلا گیا تین روزہ ٹور میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوگیا۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سٹیون سمتھ کی قیادت میں بھارت میں موجود ہے ۔ آسٹریلوی ٹیم دورہ بھارت کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 23 سے 27 فروری تک پونے، دوسرا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک بنگلور، تیسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مارچ تک رانچی جبکہ چوتھا اور آخری ٹیسٹ 25 سے 29 مارچ تک دھرمشالا میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کانٹے دار ہوگی۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے خلاف فتح کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انسان کامیابیوں سے زیادہ ناکامیوں سے سیکھتا ہے، امید ہے کہ اس بار کھلاڑی دورہ بھارت کے دوران ماضی کی غلطیوں کو نہیں دوہرائیں گے اور عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم ہوم گرائونڈ پر حالیہ ٹیسٹ میچز میں مسلسل 19 میچز میں ناقابل شکست ہے اور اس نے ریکارڈ لگاتار چھ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

متعلقہ عنوان :