ایم کیو ایم (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی کا لاٹھی چارج سے زخمی ہونے والے اصغر امام کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ او ر افسوس کااظہار

منگل 21 فروری 2017 03:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی نے اورنگی ٹائون اسلام چوک میں ڈکیتیوں کے خلاف علاقہ مکینوں کے احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ، شیلنگ اور لاٹھی چارج سے زخمی ہونے والے اصغر امام کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ او ر افسوس کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی (پاکستان) نے کہا کہ ڈکیتیوں اور چوریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرین پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، پولیس کی جانب سے احتجاجی مظاہرین کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے بجائے ظالمانہ طریقہ اختیار کرنا آئین و قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

رابطہ کمیٹی پاکستان نے کہا کہ احتجاجی مظاہرین پر مظالم ڈھانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اسلام چوک اورنگی ٹائون میں پولیس فائرنگ ، شیلنگ اور لاٹھی چارج کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اصغر امام کی ہلاکت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مقتول کے اہل خانہ کو فی الفور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

رابطہ کمیٹی (پاکستان) نے زخمی اصغر امام کے جاں بحق ہونے پر تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ #