حکمران عوام کو ضروریات زندگی کی سہولیات دینے میں ناکام ہو گئے ہیں ،جماعت اسلامی فلاح کے کام کررہی ہے

جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم کا مسحق خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے لیے جہیز گفٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری اطلاعات و گروپ لیڈر این اے 128 امیر العظیم نے کہاہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں مداریوں کو ووٹ نہ دے کر کرپٹ اور کرپشن کے سومنات بنانے والوں کو نشان عبرت بنادیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں الخدمت خواتین ٹرسٹ کی جانب سے مسحق خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے لیے جہیز گفٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، سید ارتضیٰ حسنی، ظفر سہرا اور سمیحہ راحیل قاضی بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔امیر العظیم نے کہاکہ کرپٹ افراد کو ووٹ ڈالنے سے قومی وسائل اور خزانہ لوٹنے والے برسراقتدار آ جاتے ہیں جس سے آنے والی نسلوں کا مستقبل خراب ہو جاتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے لیکن ہمارے حکمرانوں کو بیرونی ممالک کے دورے کرنے کا شوق اور عادت پڑ گئی ہے ۔

عوام کو تعلیم ، رہائش ، صحت ، سیوریج ، پینے کا صاف پانی، ادویات مہیاکرنے او ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کی کوئی منصوبہ بند ی نہیں بلکہ ان کی ترجیح میں بڑے بڑے ایئر پورٹ ، میٹرو بس ، اورنج لائن ٹرین ، موٹرویز اور پل بنانا ہے، جن منصوبوں سے اربوں روپے کی لوٹ مار ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو کام حکومتوں کے کرنے کے ہیں وہ فلاحی تنظیمیں عوام کی خدمت کر کے سر انجام دے رہی ہیں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ عوام ضروریات زندگی کے لیے ترس رہے ہیں ۔ مریض علاج معالجہ کے لیے تڑپ رہے ہیں لیکن دوسری جانب حکمران طبقہ خوشنما بیان بازیوں سے عوام کو فریب دے رہا ہے ۔ سارے وزراء نوازشریف کو پانامہ کیس سے بچانے کے لیے دن رات مصروف ہیں۔ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعت اسلامی ملک میںخیر کے کام سرانجام دے رہی ہے ۔ الخدمت فائونڈیشن خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی سماجی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ تقریب کے آخر میں مستحق خاندانوں میں جہیز گفٹ تقسیم کیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :