حکومت کی طرف سے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے سیاسی رابطوں میں تیزی وزیر خزانہ کے سپیکر قومی اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے رابطے ،دہشتگردی کی حالیہ لہر کو روکنے کیلئے فوجی عدالتوں کی اہمیت پر زور

ملک میں امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، دہشت گردی کی خلاف تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،پارلیمانی رہنمائوں میں اتفاق

ہفتہ 18 فروری 2017 22:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) حکومت کی طرف سے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے سیاسی رابطوں میں تیزی ،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارکے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے رابطے ،دہشت گردی کی حالیہ لہر کو روکنے کیلئے فوجی عدالتوں کی اہمیت پر زوردیا ،پارلیمانی رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، دہشت گردی کی خلاف تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کووفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارنے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، رہنما جے یوآئی (ف) مولانا عطا الرحمان ، پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر ، تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد فوجی عدالتوں کے مستقبل کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر روکنے کے لئے ملٹری کورٹ ضروری ہیں، دہشت گردی کی روک تھام کے لیے سول اور ملٹری لیڈر شپ کی ہم آہنگی ضروری ہے۔سیاسی رہنمائوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،ملک میں امن و امان کی صورت حال پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی رابطہ کیا جس میں فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر پارلیمانی رہنمائوں کا جلد اجلاس بلانے پر غور کیا گیا ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ جلد کیا جانا چاہیئے۔ (ار+م ن)

متعلقہ عنوان :