شہریوں سے پارکس، کھیل کے میدان اور تفریح کے مواقع چھین کر انہیں ذہنی طور پر مفلوج کردیا گیا ہے، میئرکراچی

کئی کھیل کے میدانوں اور پارکوں کو شادی ہال ،رہاشی فلیٹوں میں تبدیل کردیا گیا ،چائنہ کٹنگ مافیا نے ان پر قبضہ کرکے شہریوں سے چھین لیا، وسیم اختر

ہفتہ 18 فروری 2017 20:57

شہریوں سے پارکس، کھیل کے میدان اور تفریح کے مواقع چھین کر انہیں ذہنی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں سے پارکس، کھیل کے میدان اور تفریح کے مواقع چھین کر انہیں ذہنی طور پر مفلوج کردیا گیا ہے گزشتہ آٹھ سال میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی اور کئی کھیل کے میدانوں اور پارکوں کو شادی ہال اور رہاشی فلیٹوں میں تبدیل کردیا گیا اور چائنہ کٹنگ مافیا نے ان پر قبضہ کرکے شہریوں سے چھین لیا، پارک، کھیل کے میدان شہریوں کی امانت ہیں اور انہیں دوبارہ بحال کرکے ان کے حوالے کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے عزیز بھٹی پارک اور ضلع شرقی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، ڈائریکٹر جنرل پارک آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ لائنزایریا اور کراچی کے مضافاتی علاقوں میں شہریوں کیلئے تفریح کی سہولتیں ختم کردی گئی ہیں پارکوں پر قبضے کر لئے گئے ہیں اور جو پارک ا ورکھیل کے میدان باقی ہیں ان پر قبضہ مافیا نظریں جمائے بیٹھی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں پورے پورے خاندان دو کمروں کے مکانوں میں مقیم ہیں اور پوری زندگی انہی میں گزارتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات ان کے ذہنوں پر مرتب ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے علاقوں میں ترجیحی بنیاد پر تفریح کی سہولیات مہیا کی جائیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے بڑے پارکوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے تاکہ پودوں ، درختوں اور گھاس کو برقرار رکھا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ایک ہزار گیلن کے ٹریٹمنٹ پلانٹ عزیز بھٹی پارک میں کامیابی سے چل رہا ہے اور کراچی کے دوسرے بڑے پارکوں میں بھی اسی قسم کے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کے باعث اکثر پارکس اجڑ چکے ہیں اور شہریوں کو کہیں بھی سستی تفریح مہیا نہیں ہے میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے جتنے بھی پارکس ہیں ان کی تزئین و آرائش کی جائے کھیل کے میدان آباد کئے جائیں اور انہیں اس طرح بنایا جائے خاندان بھر کے لوگ اپنا کچھ وقت ان پارکوں میں گزارسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کی منتخب قیادت قبضہ مافیا کو اب پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضہ نہیں کرنے دے گی اور ہر صورت میں ان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ کئی ایکڑ رقبہ پر مشتمل عزیز بھٹی پارک کی بحالی کاکام شروع کیا جارہا ہے تاکہ گلشن اقبال اور ملحقہ آبادیوں کے لوگ اس سے استفادہ کرسکیں، انہوں نے کہا کہ پارکوں سے شادی ہالز، مختلف قسم کے دفاتر اور دیگر تجاوزات کو ختم کیا جائے گا تاکہ پارکوں کے اور کھیل کے میدانوں کی بحالی ممکن ہوسکے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے اور تفریح کے مواقعوں سے بچوں اور نوجوانو ںکی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور بڑے پیمانے پر باصلاحیت نوجوان ابھر کر سامنے آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ کراچی نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں باصلاحیت نوجوان پیدا کئے جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا نے بریفنگ دیتے ہوئے میئر کراچی کو بتایا کہ شارع فیصل ، شہید ملت، کلفٹن، سمیت مختلف شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ وہاں درخت لگائے جارہے ہیں اور پارکوں کی تزئین وآرائش بھی شروع کردی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ عزیز بھٹی پارک کی بحالی کیلئے پی سی ۔ون تیار کیا گیا ہے اس پارک سے ہزاروں کی تعداد میں شہریوں مستفید ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :