بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، مواقع میسر کیے جائیں ، میجر جنرل ندیم احمد انجم

صوبے کے نوجوانوں کو ورغلانے والوں کے اپنے بچے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ، آئی جی ایف سی فرنٹیئر کور بلوچستان نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کے بجائے قلم تھما دیا ہے،نوجوان تعلیم حاصل کر کے ترقی کے ثمرات سمیٹیں اور ملک اور قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ رہیں، طلباء سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 20:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل ندیم احمد انجم نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، مواقع میسر کیے جائیں ، صوبے کے نوجوانوں کو ورغلانے والوں کے اپنے بچے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،فرنٹیئر کور بلوچستان نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کے بجائے قلم تھما دیا ہے،نوجوان تعلیم حاصل کر کے ترقی کے ثمرات سمیٹیں اور ملک اور قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ رہیں۔

وہ ہفتہ کو یہاں تربت اور تمپ کا دو روزہ دورے کے دوران قبائلی عمائدین اور طلباء سے خطاب کر رہے تھے۔آئی جی ایف سی یوتھ سکالر شپ پروگرام کے تحت بی آر سی تربت میںمنعقدہ ایک پر وقار تقریب سے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمدانجم نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بشر طیکہ ان کو مواقع میسر کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ذہانت اور ٹیلنٹ کو دیکھ کر وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ بلوچستان محفوظ ہاتھوں میں ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو ورغلانے والوں کے اپنے بچے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ غریب کے بچوںکو بہکا کر ریاست کے مخالف ورغلایا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کے بجائے قلم تھما دیا ہے ۔

نوجوان تعلیم حاصل کر کے ترقی کے ثمرات سمیٹیں اور ملک اور قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ رہیں ۔اس موقع پر آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم احمد انجم نے بی آر سی تربت کے پانچ ذہین طلباء کو سکالر شپ اور کالج مطالعاتی ٹور کیلئے 5لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا ۔ تقریب میںطلباء اور اساتذہ کے علاوہ سیکٹر کمانڈر سائوتھ بریگیڈیئر نصرحیات ، کمانڈنٹ مکران سکائوٹس کرنل سید وسیم اختر ، ڈپٹی کمشنر کیچ ، ڈی پی اواور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔

دورے کے دوران قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے کہا کہ سی پیک صرف ایک راہداری کا نام نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی کی اٹل حقیقت ہے انہوں نے کہا کہ جب پاکستان اور چین نے راہداری منصوبہ شروع کیا تو بوکھلاہٹ کے شکار عناصر نے اسے دیوانے کا خواب کہا مگر آج یہ خواب سب کے سامنے ایک حقیقت بن چکا ہے ۔

اب یہ منصوبہ صرف دو ملکوں کے درمیان نہیں بلکہ دنیا کے نقشے پر موجود کئی ممالک اس میں شمولیت کے خواہشمند ہیں ۔ اب یہ سفر رکنے والا نہیں ۔ کافی سفر ہوچکا ہے اب منزل قریب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الحمد اللہ سیکورٹی فورسز اور بلوچستان کے عوام نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے ملکی ترقی کے خلاف اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی ۔ تقریب کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم کو دہشتگردوں کے خلاف ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایف سی کی جانب سے امن و امان کے قیام اور علاقے کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :