سیاسی اختلافات پر کاروباری مراکز کو نشانہ بناناافسوسناک امر ہے، ناصر رمضان

سابق اپوزیشن لیڈر کے ٹرانسپورٹ ادارے تیمور ٹریولز کا لائسینس منسوخی پر عدلیہ ازخود نوٹس لے، ترجمان پاکستان مسلم لیگ لاہور

ہفتہ 18 فروری 2017 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق لاہور کے ترجمان ناصررمضان گجر سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات پر کاروباری مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں شریف برادران کے بیرون ملک جانے کے باوجود اور ان کے کاروباری اداروں کی جانب سے اربوں روپے کے قرضے لیکر واپس نہ کرنے پر بھی ان کے کاروبار ی اداروں کو تحفظ فراہم کیا گیا اور ان کے بیرون ملک سے وطن واپسی تک ان کے کاروباری اداروں کے خلاف باوجود قرضوں کی عدم ادائیگی کے کوئی کارروائی نہ کرکے ایک مثال قائم کی گئی تھی۔

لیکن پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی چوہدری ظہیرالدین کے فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ ادارے تیمور ٹریولز جو سب سے پرانا ٹرانسپورٹ اڈا ہے کا لائسینس منسوخ کرکے انتقامی سیاست کا آغا ز کردیا گیا ہے حالانہ اس روڈ پر دیگر ٹرانسپورٹ اڈے بھی موجود ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی گئی کیونکہ انہیں حکومتی آشیرباد حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ سابق اپوزیشن لیڈر چوہدری ظہیرالدین کے ٹرانسپورٹ ادارے تیمور ٹریولز کے لائسینس منسوخی پر اعلیٰ عدلیہ از خود نوٹس لے۔انہوںنے کہا کہ طلال چودھری ایم این اے اور منے خان فیصل آباد میں ٹرانسپورٹرز سے بھتہ وصول کرتے ہیں، تیمور ٹریولزنے بھتہ دینے سے انکار کیا تو ن لیگ کے ایم این اے طلال چودھری کے ایما پر تیمور ٹریولز کا لائسینیس منسوخ کردیا گیا جو بدترین کارروائی ہے انہوںنے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں بھتہ خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور تیمور ٹریولز کا لائسینس بحال کرکے عوام کو سستی سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔