برطانوی دار العوام میں مسئلہ کشمیر پر تین گھنٹے بحث اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کشمیری قوم کی بڑی سفارتی کامیابی ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو تنہا کرنے کے تمام بھارتی دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں، صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان

ہفتہ 18 فروری 2017 16:36

اسلام آباد ۔ 18فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ برطانوی ایوان زیریں دار العوام میں مسئلہ کشمیر پر تین گھنٹے بحث، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پر امن اور جمہوری انداز میں حل کرنے کا مطالبہ کشمیری قوم کی بڑی سفارتی کامیابی ہے، بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو تنہا کرنے کے تمام تر دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں راجہ نجابت حسین کی قیادت میں جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس وقت فلسطین ، میانمار اور کشمیر میںصرف مسلمانوں کو مارا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

عقید ے کی بنیاد پر نسل کشی نہیں ہونی چاہیے ۔ بھارتی سول سوسائٹی کشمیریوں کی نسل کشی رکوائے، کل انتہا پسند ہندئووں کا اگلا ہدف بھارتی سول سوسائٹی ہو گی ۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ میں بھی کشمیریوں کی آواز گونج رہی ہے ۔ بھارتی سفیر کو خارجہ امور کمیٹی میں طلب کر کے مقبوضہ کشمیر کے حالات سے متعلق باز پرس کی گئی ہے اور یورپی یونین نے بھارت کے ساتھ دو طرفہ آزادانہ تجارت کے معاہدے کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرنے سے مشروط کر دیا ہے۔ ترکی کے صدر نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کھل کر مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں مسئلہ کشمیر لیکر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، انسانی حقوق کونسل ، یورپی پارلیمنٹ ، امریکی کانگریس برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر عالمی اداروں سے رابطہ کرنا ہو گا۔ کشمیری حق خود ارادیت سے کم کسی پیشکش پر آمادہ نہیں ہونگے ۔ ہم اس وقت کسی قسم کی سودے بازی کی پوزیشن میں نہیں یہ کشمیری شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہو گا۔

معاشی طور پر مضبوط ، سیاسی طور پر مستحکم اور نظریاتی طور پر روشن خیال پاکستان کشمیر کی تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہو گا۔ پاکستان اندرونی طور پر جتنا مضبوط اور مستحکم ہو گا مسئلہ کشمیر کے حل کے امکانات اتنے زیادہ ہونگے۔ صدر آزاد کشمیر نے وفد کو بتایا کہ ہم نے آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے پر تمام تر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔

کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے مدعو کیا ہے۔ اس وقت آزاد کشمیر کے لیے سی پیک کے چار بڑے منصوبے منظور ہو چکے ہیں ، آزاد کشمیر ترقی کرے گا۔۔ جے کے ایس ڈی ایم کے ارکان سوشل میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور مقبوضہ کشمیر سے ملنے والی معلومات کو مکمل تحقیق کے بعد آگے پھیلائیں ۔