مقبوضہ کشمیر میں محکمہ برقیات کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے ‘ احتجاجی دھرنا

سرینگر لیہہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بند کردی‘مشتعل مظاہرین سرفرائو سمبل رسیونگ سٹیشن پہنچ گئے‘ تالا لگا دیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کروا دیا

ہفتہ 18 فروری 2017 16:17

کنگن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں محکمہ برقیات کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے ‘ احتجاجی دھرنا دیکر سرینگر لیہہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بند کردی‘مشتعل مظاہرین سرفرائو سمبل رسیونگ سٹیشن پہنچ گئے‘ تالا لگا دیا‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کروا دیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گنڈ کنگن میں لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیکر سرینگر لیہہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بند کردی۔

تحصیل گنڈ میں جمعہ کی صبح لوگوں نے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ سرفرائو سمبل رسیونگ سٹیشن سے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کے باعث تحصیل گنڈ سے منسلک علاقوں میں رہنے والے لوگوں خاص کر سرکاری دفاترروں میں کام کاج متاثر رہتا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی منقطع رکھنے کے بعد لوگوں نے رسیونگ سٹیشن کا رخ کیا اور وہاں پر تعینات ملازمین سے کہا کہ انہوں نے علاقے کی بجلی سپلائی بند کیوں کردی تو ملازمین نے کہا کہ علاقے میں ترسیلی لائن میں کسی جگہ پر فالٹ ہے اور جب مقامی لوگوں نے ان سے کہا کہ آپ بجلی سپلائی بحال کردو تو علاقے میں کسی بھی جگہ پر ترسیلی لائن میں فالٹ نہیں تھا جس پر مقامی لوگوں میں غصہ پیدا ہوگیا اور انہوں نے رسیونگ سٹیشن پر تالا چڑھا دیا تاہم اس دوران گنڈ پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور انہوں نے ملازمین سے بجلی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

پولیس ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ رسیونگ سٹیشن پر تعینات ملازمین نے بلا وجہ علاقے کو بجلی منقطع کردی تھی جس کے بعد انہوں نے محکمہ بجلی کے افسران کو اس بارے میں جانکاری دی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے لوگوں کو سمجھا بجھا کر احتجاج ختم کرنے پر آمادہ کیا جس کے بعد لوگوں نے یقین دہانی پر پر امن طور پر احتجاجی دھرنا ختم کیا۔