امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون جاری ،9 سوڈانی شہری سرحد پار کر کے کینیڈا میں داخل

ہفتہ 18 فروری 2017 13:35

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے،9 سوڈانی شہری ریاست نیو یارک کی سرحد پار کر کے کینیڈا میں داخل ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم ایک سوڈانی خاندان کریک ڈائون سے بچنے کے لیے ریاست نیویارک کی سرحد عبور کرکے کینیڈا میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔

نیویارک بارڈر پیٹرولنگ اہلکاروں نے جب ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو اس میں سوار 8افراد جن میں 4 بچے بھی شامل تھے ،گاڑی سے اترنے کے بعد بھاگتے ہوئے سرحد پار کرکے کینیڈا میں داخل ہوگئے جہاں کینیڈین بارڈر اہلکاروں نے نہ صرف انہیں مدد فراہم کی بلکہ ان سے طبی امداد کا بھی پوچھا ۔دوسری جانب گاڑی کے ڈرائیور نے دوران تفتیش امریکی اہلکار کے ہاتھ سے اچانک پاسپورٹ چھین لیے اور کینیڈین بارڈر کی جانب دوڑ لگادی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کہ امریکی اہلکار اسے روکتا یا پکڑنے میں کامیاب ہوتا وہ شخص بھی کینیڈا میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔کینیڈین بارڈر فورس کے اہلکاروں نے اس سوڈانی خاندان کو قریبی واقع دفتر پہنچادیاجہاں پناہ گزینی کے لیے ان کی درخواست دائر کی جائے گی ۔ یہ سوڈانی خاندان دو سال سے غیر قانونی طور پر امریکا میں آباد تھا اور ٹرمپ کی جانب سے تارکین وطن افراد کے خلاف کریک ڈائون سے بچنے کے لیے کینیڈا روانہ ہوا ۔

متعلقہ عنوان :