چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا افغانستان میں تعینات امریکی جنرل جان نکلسن کو فون،دہشتگردوں کی فنڈنگ، رابطے اور پلاننگ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،ہماری سرحد پار کارروائی نہ کرنے کی پالیسی کا امتحان نہ لیا جائے،جنرل باجوہ

ہفتہ 18 فروری 2017 11:25

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا افغانستان میں تعینات امریکی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو افغانستان میں تعینات امریکی جنرل جان نکلسن کو فون کیا اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف نے امریکی کمانڈر سے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے زیادہ تر واقعات کی ذمہ داری ایسی دہشتگرد تنظیمیں قبول کرتی ہیں جن کی قیادت افغانستان میں چھپی ہوئی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے سے ہماری سرحد پار کارروائی نہ کرنے کی پالیسی کا امتحان نہ لیا جائے۔ انہوں نے امریکی کمانڈر سے کہا کہ وہ دہشتگردوں کی فنڈنگ، رابطے اور پلاننگ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی کمانڈر کو افغانستان میں چھپے دہشتگردوں کی اس فہرست سے بھی آگاہ کیا جو پاکستان نے افغان حکام کے حوالے کی ہے۔