دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے ترقی کے راستے پر چلنے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے،دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،وہ صرف نفرت کے فلسفہ پر چلتے ہیں،ان کے دل سیاہی سے مکمل کالے ہو چکے ہیں،انہیں تاریخ کے صفحہ پر نشان عبرت بنا دیا جائے گا

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 23:51

․ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے ترقی کے راستے پر چلنے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

وزیر مملکت نے واضح کیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کی ترقی کے سفر کو تسلیم نہ کرنے والے دہشتگردوں کا پیچھا کرنے اور ان کا مکمل صفایا کرنے کا مصمم عزم رکھتے ہیں۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، وہ صرف نفرت کے فلسفہ پر چلتے ہیں اور ان کے دل سیاہی سے مکمل کالے ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری نڈر مسلح افواج کے بہادر شہیدوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہید مرد اور خواتین اور بے گناہ عوام نے اپنے حوصلہ سے گزشتہ تین سال کے دوران دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے اور وہ دہشتگردی کے مذموم مقاصد کے سامنے مضبوطی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وہ لوگ جو یہ غلط خیال رکھتے ہیں کہ وہ اپنے وحشیانہ عمل سے نڈر اور دلیر عوام کے دلوں میں خوف پیدا کر دیں گے، انہیں تاریخ کے صفحہ پر نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :