سنی تحریک سمیت دیگرمذہبی جماعتوں نے سانحہ سہون شریف کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا

گوجرانوالہ سمیت اسلام آباد، لاہور، کراچی ،پشاورکوئٹہ اوردیگرکئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے اورریلیاں منعقد کی گئیں

جمعہ 17 فروری 2017 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری کی اپیل پر سنی تحریک سمیت دیگرمذہبی جماعتوں نے سانحہ سہون شریف کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منایااورگوجرانوالہ سمیت اسلام آباد، لاہور، کراچی ،پشاورکوئٹہ اوردیگرکئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے اورریلیاں منعقد کی گئیں جبکہ علماء ومشائخ اہلسنّت نے جمعہ کے ملک گیر اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کیں، لاہور میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہر ہ داتا دربار چو ک میں ہوا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے ڈویثرنل صدر علامہ مجاہد عبدالرسول خان ، سردار محمد طاہر ڈوگر ، قاری سیف اللہ نقشبندی نے کہا کہ مزارات اولیاء اللہ کو خاک و خون میں نہلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،آرمی چیف کسی کے حکم کاانتظار کیے بغیر بلاتاخیر دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے کیلئے اقدامات کریں، فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ دہشتگردوں کی سزاوں پر عملدر آمد روکنا دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کو سیاسی مصلحتوں کی نذر کرنے والے قومی مجرم ہیں۔دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں کو بے نقاب کرکے انکے خلاف بے رحمانہ آپریشن کیاجائے۔کہملک بھر میں کالعدم جماعتوں کے عہدیدار اور ان کے سہولت کار آزاد پھررہے ہیں جبکہ نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنانے کیلئے دہشت گرد مخالف قوتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوںنے کہاکہ پے در پے دہشت گردانہ کاروائیاں ملک کو کمزور اور غیر مستحکم کر نے کی کوشش اور حکومت اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیںافغان حکومت اپنی سر زمین پر دہشت گردوں کی پناہگاہیں ختم کرے۔حکومت فوری طور پر تمام مزارات کہ فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے۔دہشت گردی کیخلاف نئی حکمت عملی ناگزیرہوچکی ہے۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کونشان عبرت بنایاجائے۔اس موقع پر ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی طور پردعاکی گئی اوردہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :