چند ملین رقم کی خاطر ریلویز انتظامیہ اپنے مسافروں کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی برداشت نہیں کر سکتی‘محمد جاوید انور

ڈراپ لین پر سواریاں اتارنے والے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے چالان روک دئے جائیںاگر وہ ڈراپ لین میں غیر قانونی طور پر گاڑی زیادہ دیر تک پارک نہیں کر رہے ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر

جمعہ 17 فروری 2017 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ہدا یت پرچیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور نے ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی شکایات کانوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور کو ان کے ازالے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انورنے اس حوالے سے انسپکٹر جنرل ریلویز پولیس منیر احمد چشتی ،ڈی آئی جی آپریشن شارق جمال، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور وقار احمد شاہد اور دیگر حکام کے ساتھ اعلی سطح کا اجلاس کیا ۔

جس میں مشیر ریلویز انجم پرویز بھی موجو د تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انورکو بتایا گیا کہ مسافروں کے ساتھ ساتھ نجی اور کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی شکایات کی وجہ ٹھیکیداری نظام ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انورکا کہنا تھا کہ چند ملین رقم کی خاطر ریلویز انتظامیہ اپنے مسافروں کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی برداشت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے اس سلسلے میں ریلوے حکام اور ریلوے پولیس کے ذمہ داران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔ اور انہوں نے کہا کہ ڈراپ لین پر سواریاں اتارنے والے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے چالان روک دئے جائیںاگر وہ ڈراپ لین میں غیر قانونی طور پر گاڑی زیادہ دیر تک پارک نہیں کر رہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میںمسافروں اور ڈرائیوروں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ہدایات جاری کیں کہ ایس اوپیز پر عملدرآمدنہیں ہورہا تو ٹھیکہ منسوخ کرنے سے بھی گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے ریلوے پولیس کے حکام کوہدایت کی کہ ڈراپ لین کے صرف مسافروں کو ڈراپ کرنے کے لئے استعمال کو یقینی بنائیں اور اس امر پر نظر رکھیں کہ کسی بھی مسافر کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی نہ کی جائے ۔انہوں نے اس حوالے سے کیمروں کے استعمال کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :