سیہون شریف سمیت خود کش دھماکوں کا نیا سلسلہ قابل مذمت اور درندگی کی بد ترین مثال ہیں ،سخت سیکیورٹی میں رہنے والے حکمران بتائیں شہری اپنے جان و مال کے تحفظ کیلئے کہاں جائیں، عوامی تحریک یوتھ ونگ

جمعہ 17 فروری 2017 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء)پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی،سیکرٹری جنرل قاسم اعوان،مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری علی رضا نت،سید قمر گردیزی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سیہون شریف پر خود کش حملہ ،قابل مذمت اور درندگی کی بد ترین مثال ہے،انہوںنے چاروں صوبوں میں خود کش دھماکوں کی نئی لہر پر شدیش تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسے ملکی سالمیت پر حملے قراردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ موجودہ حکمران آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنا کر قومی ایکشن پلان پر بھی عمل نہیں ہونے دیں گے، اور دہشتگرد پلٹ کر حملہ آور ہونگے ،انہوںنے کہا کہ ہمارے بازار محفوظ ہیں نہ مزار ،سڑکیں محفوظ ہیں نہ مساجد۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں نے چاروں صوبوں میں دھماکے کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو رہے ہیں اور امن کے دعوے محض دھوکہ تھے، خود کش حملوں کی حالیہ لہر نے قوم کو ذہنی مریض بنا دیا ہے،دہشتگرد ہر روز معصوم شہریوں کا شکار کھیل رہے ہیں اورعوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ سخت سیکیورٹی میں رہنے والء حکمران بتائیں شہری اپنے جان و مال کے تحفظ کیلئے کہاں جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری حکمرانوں نے دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں کو ختم کر دیا ،کیا قوموں کی بقا اور تحفظ کے فیصلے اس طرح ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی اول و آخر ترجیح پانامہ لیکس کیس سے بچنا اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے ،اب وقت آگیا ہے کہ ملک اور قوم کے مستقبل کے حوالے سے بڑے فیصلے کئے جائیں۔