این ایچ اے نے تین سال میں موٹرویز اور ہائی ویز کے 15 منصوبے مکمل کیے،رپورٹ

جمعہ 17 فروری 2017 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) شاہراہوں کے قومی ادارے این ایچ اے نے گزشتہ تین سال میں موٹرویز اور ہائی ویز کے 15 منصوبے مکمل کیے۔ایک رپورٹ کے مطابق ادارے نے بسیمہ ناگ پنجگورخوشاب ہائی وے این 85 مکمل کی ہے جس پر 18 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئی ہے۔193 کلومیٹر طویل ایم 08 کے گوادر خوشاب سیکشن کا باقی تعمیراتی کام 13 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔

111 کلومیٹر طویل قلات کوئٹہ چمن ہائی وے 06 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 2015ء میں فیصل آباد ملتان موٹروے کے دو سیکشن مکمل کیے، ادارے نے 12 ارب روپے کی لاگت سے 56 کلومیٹر طویل خانیوال ملتان سیکشن اور 09 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے 58 کلومیٹر طویل فیصل آباد گوجرہ سیکشن مکمل کیا۔

(جاری ہے)

ایک اور اہم منصوبے شاہراہ قراقرم کا 144 کلومیٹر طویل رائے کوٹ تھاکوٹ سیکشن ہے جو گزشتہ سال 06 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔

اس سے پہلے شاہراہ قراقرم کا خنجراب رائے کوٹ سیکشن بھی 05 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے بہتر بنایا گیا۔ 14 ارب روپے سے زائد لاگت سے انڈس ہائی وے کا تقریباً 197 کلومیٹر سیہون رتو ڈیرو حصہ بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اس طرح شاہراہوں کے قومی ادارے این ایچ اے نے گزشتہ تین سال میں موٹرویز اور ہائی ویز کے 15 منصوبے مکمل کیے۔