پاکستان رینجرز ہر کڑے امتحان کے مد مقابل سینہ سپر رہے گی‘میجرجنرل اظہر نویدحیات

داخلی سلامتی کے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ قومی امن کو درپیش خطرات سے نبرد آزمارہے گی‘ڈی جی رینجرز پنجاب

ہفتہ 18 فروری 2017 00:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہرنویدحیات خان نے سکیورٹی کی موجودہ صورتِ حال کے تناظرمیںہر سطح پر اقدامات میںبہتری پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان رینجرز ہر نوع کے کڑے امتحان کے مد مقابل سینہ سپر رہے گی اور داخلی سلامتی کے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ قومی امن کو درپیش خطرات سے نبرد آزمارہے گی۔

یہ باتیں انہوںنے سیکٹر کمانڈر کانفرنس کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تمام سیکٹر کمانڈراور پرنسپل سٹاف افسران شریک ہوئے ۔اجلاس میں انتظامی،تربیتی ،فلاحی اور پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلقہ اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل نے تربیت اور عسکری تیاریوں کے معیار کو سراہا اور کمانڈران کو ممکنہ آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی نے ورکنگ بائونڈری پر تعینات جوانوںاور افسروں کے عزم و حوصلہ اورپیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اورسرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کی صورت میں بھر پور جوابی کاروائی کی ہدایت کی۔علاوہ ازیںملکی سلامتی کو درپیش خطرات اور دہشت گردی کی حالیہ لہر پرگفتگو کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کے حوالے سے مزید چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے تمام سیکٹر کمانڈروں کو ممکنہ ذمہ داریوں کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا اورسکیورٹی کی موجودہ صورتِ حال کے تناظرمیںہر سطح پر اقدامات میںبہتری پر زوردیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے رینجرز کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رینجرز (پنجاب) ہر نوع کے کڑے امتحان کے مد مقابل سینہ سپر رہے گی اور داخلی سلامتی کے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ قومی امن کو درپیش خطرات سے نبرد آزمارہے گی۔

متعلقہ عنوان :