فوج پاکستان کے عوام کو ہر طرح کے خطرات سے تحفظ فراہم کریگی، جنر ل قمر جاوید باجوہ

قوم یقین رکھے دشمنوں کے ایجنڈے کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے خواہ ا کوئی بھی قیمت چکانا پڑے ، آرمی چیف گزشتہ رات سے جاری آپریشنز میں 100 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ، قابل ذکر تعداد میں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے پیچھے کارفرما نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کامیابی مل رہی ہے، دہشتگردی کے ان واقعات کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں، ترجمان پاک فوج

ہفتہ 18 فروری 2017 00:01

فوج پاکستان کے عوام کو ہر طرح کے خطرات سے تحفظ فراہم کریگی، جنر ل قمر ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کے عوام کو ہر طرح کے خطرات سے تحفظ فراہم کریگی، قوم یقین رکھے دشمنوں کے ایجنڈے کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے خواہ اس کی کوئی بھی قیمت چکانا پڑے جبکہ پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات سے جاری آپریشنز میں 100 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں جبکہ قابل ذکر تعداد میں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

جمعہ کوڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات کے رد عمل میں کارروائیاں جاری ہیں اس حوالے سے پنجاب سمیت ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر اور کومنبگ آپریشنز جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات سے 100 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں جبکہ قابل ذکر تعداد میں گرفتاریاں بھی کی گئیں ۔

اس حوالے سے تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔ بیان کے مطابق دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے پیچھے کارفرما نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کامیابی مل رہی ہے ۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردی کے ان واقعات کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں ۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر گزشتہ رات سے سرحد بند کر دی گئی ہے اور افغانستان سے کسی کو بھی بلا اجازت پاکستان داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔

سیکیورٹی فورسز کو اس حوالے سے خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ پوری سرحد پر کڑی نظر رکھیں۔ بیان کے مطابق افغان حکام کو ایسے 76 دہشتگردوں کی فہرست فراہم کی گئی ہے جو طویل عرصہ سے افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں اور پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیاں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ دہشتگردانہ سرگرمیوں کی ہدایات جاری کر رہے ہیں اور ان سرگرمیوں میں مدد دے رہے ہیں ۔

افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ ان دہشتگردوں کو نشانہ بنائے یا انہیں پاکستان کے حوالے کرے ۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کے عوام کو ہر طرح کے خطرات سے تحفظ فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز پریقین رکھے ہم دشمنوں کے ایجنڈے کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے خواہ اس کی کوئی بھی قیمت چکانا پڑے ۔