دفاع پاکستان کونسل نے ملک میں جاری دہشتگردی کی نئی لہر کو بھارت کا پاکستان پر کھلا حملہ قراردیدیا

بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف جنگ لڑرہا ہے، مضبوط دفاعی پالیسی بناکر اقدام کرنے کی ضرورت ہے ،بھارت کو دشمن ملک قرار دے کر اس سے تمام تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کیئے جائیں ، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، یہ وقت سیاست و اختلافات نہیں ملکی دفاع کا ہے، دینی و سیاسی جماعتوں سمیت ملک کے تمام طبقات کو باہم متحد کرکے دہشتگردی کا مقابلہ کیا جائے، مولانا سمیع الحق ، سراج الحق ،شیخ رشید احمد اور دیگر کا مشترکہ بیان

ہفتہ 18 فروری 2017 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے ملک میں جاری دہشتگردی کی نئی لہر کو بھارت کا پاکستان پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف جنگ لڑرہا ہے، مضبوط دفاعی پالیسی بناکر اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کو دشمن ملک قرار دے کر اس سے تمام تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کیئے جائیں۔

ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے یہ وقت سیاست و اختلافات نہیں ملکی دفاع کا ہے۔ دینی و سیاسی جماعتوں سمیت ملک کے تمام طبقات کو باہم متحد کرکے دہشتگردی کا مقابلہ کیا جائے۔ جمعہ کودفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق ،جماعت اسلامی کے امیر سینٹر سراج الحق،جماعة الدعوة شعبہ سیاسی امو رکے سربراہ حافظ عبدالرحمان مکی،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،مسلم لیگ(ق) کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر،مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان،مسلم لیگ فنکشنل کے سیکرٹری جنرل محمد علی درانی،مسلم لیگ(ض) کے سربراہ اعجاز الحق،نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری محمد یعقوب شیخ،جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ،ہدیة الھادی پاکستان کے سربراہ پیر سید ہارون علی گیلانی،انصار الامة کے امیر مولانا فضل الرحمان خلیل،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما شاہ اویس نورانی،جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر،جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی،متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیا ء اللہ شاہ بخاری ،تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ملک بھر میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ متاثرین کی مدد اور جانیں بچانے کے لیے فوری خون کے عطیات دیں۔رہنمائوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت نے پاکستان پر باقاعدہ حملہ کردیا ہے پچھلے ہفتے کے واقعات بھارت کی جانب سے کھلا اعلان جنگ ہے۔ ملک کے دفاع کے لیے دینی و سیاسی جماعتوں اور تمام طبقوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے یہ وقت سیاست اور اختلافات کا نہیں بلکہ ملکی دفاع کا ہے۔ باہمی اتحاد ویکجہتی کے ساتھ اس دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں شکست کھاچکا ہے اور پاکستان میں امن و ترقی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے بھارتی آرمی چیف کے کشمیری عوام کیخلاف بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارت دنیا کی کشمیر سے توجہ ہٹانے،سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے اور حافظ محمد سعید ک نظربندی کودبانے کے لیے پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے اور افواج،عوام اور اداروں کو بطور خاص ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔

بھارت کو دشمن ملک قرار دے کر تمام سماجی تجارتی اور سفارتی تعلقات فوری ختم کردیئے جائیں اسی طرح علماء معاشرے میں اختلافات ختم کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر قسم کی دہشتگردی کی نفی کریں اور اس کے خلاف متحد ہوجائیں۔