پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے کامیاب آپریشن میں 80 فیصد دہشت گردوں کاصفایاکردیاگیا، باقی ماندہ 20 فیصد دہشت چھپ گئے ہیں اوربزدلانہ کارروائیوں میں مصروف ہیں،گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کا تعزیتی جرگے سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:56

مہمندایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے جمعہ کے روز مہمند ایجنسی کے ہیڈکوارٹر غلنئی کادورہ کرکے غلنئی خودکش حملے کے شہداء اورزخمیوں کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ گورنرنے لواحقین سے الگ الگ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداء کے لواحقین میں خاصہ دار کے طور پر ملازمت کے تقررنامے بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر منعقدہ تعزیتی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 80 فیصد دہشت گردوں کاصفایاکردیاگیاہے اور ان کے مراکز ختم کردیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ 20 فیصد دہشت گردمعاشرے میں پھیل کر چھپ گئے ہیں اوربزدلانہ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قوم کوسیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ان گنے چنے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

گورنرنے پاک فوج، سیکورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ کے کردار کو سراہا اورکہاکہ پوری قوم ان کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔ انہوںنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔گورنر نے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور دہشتگردی کے خلاف کامیابیوںکو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف عزائم کمزور نہیں ہوں گے۔

تقریب میں سپاہی زرسید شہید، سپاہی یاسرشہید اور سپاہی تاج عالم شہید کے ورثاء میں 30 ،30 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں حوالدار شاہ روم، سپاہی شیراز اور سپاہی حیات کے ورثاء میں ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے کے امدادی چیک دیے گئے۔ گورنر نے شہداء کے ورثاء میں بطور خاصہ دار ملازمت کے تقررنامے بھی تقسیم کئے اورشہداء کے بچوں کی کفالت کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم نے گورنر کو مہمندایجنسی میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹافدا وزیر اور ملٹری سیکرٹری کرنل شاہد بھی گورنرکے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :