Live Updates

تحریک انصاف کی سیاست کا بنیادی مقصد دولت اکٹھی کرنایا بینک بیلنس جائیدادیں بنانا نہیں بلکہ غریب عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا اورمسائل حل کرنا ہے،صوبائی وزیر کھیل‘ثقافت‘میوزیم وامور نوجوانان اور ملاکنڈ ڈویژن کے صدر محمود خان کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:56

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) صوبائی وزیر کھیل‘ثقافت‘میوزیم وامور نوجوانان اور ملاکنڈ ڈویژن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا بنیادی مقصد دولت اکٹھی کرنایا بینک بیلنس جائیدادیں بنانا نہیں بلکہ غریب عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا اور انکے مسائل و مشکلات حل کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے وزیر اعلیٰ پر ویز خٹک کی قیادت میں دوردراز علاقوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے ‘غریب اور محروم طبقوں کی محرومیوں کا آزالہ کرنے اور معاشرے میں انصاف کا بول بالا کرنے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں اور ان ہی عوام دوست پالیسیوں کے باعث آج اے این پی اور دیگر نام نہاد سیاسی جماعتوں کے عہدیداران و کارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع چپریال مٹہ سوات میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرضلعی کونسلربہادر خان، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سب لوگ برابر ہیں اور اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ سیاسی سوداگر اور خان خوانین غریب لوگوں کو اپنا غلام سمجھتے تھے ۔

اب غریب لوگ آذاد ہیں اور اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔محمود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا ہے اب عوام نہ تو اپنے حقوق پرسودا بازی ہونے دیں گے اور نہ ہی اے این پی کی خپلہ خاورہ خپل اختیار‘روٹی کپڑا اور مکان اور اسلام کے دعویدار درویشوں کے دھوکہ اور فریب میں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں لوگوں کا اعتماد بڑھا ہے اسلئے پی ٹی آئی میں روز بروز کثرت سے لوگ شامل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کی سیاست ہوئی جس میں لوٹ مار کا بازار گرم تھا مگر اس کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے ان فرسودہ روایات کا خاتمہ کرکے سرکاری ٹھیکوں میں ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایااور سرکاری نوکریاں خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر دی گئیں ۔انہوں نے مذید کہا کہ تحریک انصاف نے خود غرضوں اور مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔

انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباًساڑھے دو ارب روپے کی لاگت سے آبنوشی کی مختلف سکیمیں مکمل کی گئی ہیں جن سے علاقے کے لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی فراہم ہورہا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ اسی طرح پچاسی کروڑ روپے کی لاگت سے باغ ڈھیرئی ایریگیشن منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں سبز زرعی انقلاب برپا ہوگا۔محمود خان کا کہناتھا کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی اپنی اچھی کارکردگی کی بناء پر2018کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی جس کے نیتجے میںعمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات