نٹرن شپ پروگرام سے نوجوان نسل کے خیالات اور تصورات سے استفادہ کا موقع ملا، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا سرٹیفیکٹس دینے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوجوان نسل کے ذہن میں جمہوری نظام کو غیر موثر اور سیاست دانوں کے نااہل ہونے کا تاثر پروان چڑھانے کی دانستہ کوششیں کی گئیں۔جمہوریت،اور پارلیمان کے کردار کو محدود کرنے کی یہ کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سینٹ میں انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے گروپ کوسرٹیفیکٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنہوں نے جمعہ کے روزایوان بالاء میں اپنی انٹرن شپ مکمل کی۔

اس پروگرام میں 12مختلف جامعات کے 44طلباء وطالبات شامل تھے۔میاں رضاربانی نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام نوجوان نسل کو پارلیمان اور جمہوری نظام سے متعلق آگاہی دینے کے لیے شروع کیا گیا اور اس کے ذریعے سے ہمیں نوجوان نسل کے خیالات اور تصورات سے استفادہ کا بھی موقع ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کہ سینیٹ نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے درمیان توازن لانے کے لیے قرارداد پاس کی ہے تاکہ صوبائی اکائیوں کی صحیح معنوں میں نمائندگی اور وفاقیت کے نظام کی حقیقی ترجمانی ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ا س قرارداد کے ذریعے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی عددی اکثریت اور ایوان بالاء کے ووٹوں میں توازن لانے پر زور دیا گیاہے۔ انہوں نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء و طالبا ت کے لیے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینٹ ، جمہوریت او ر آئین پاکستان کے سفیر کے طورپر کام کریں گے۔قبل ازیں سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے کہا کہ نوجوان نسل کے تازہ افکار سے سینٹ کے امور کو مزید زیادہ موثراور بہتر انداز میں انجام دینے میں معاونت ملی ہے اور یہ پروگرام مستقل طور پر پارلیمانی امور کی بہتری میں کردار ادا کرتارہے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء و طالبات نے کہا کہ ان کی عملی زندگی میں سینٹ کے زیر اہتمام یہ ٹریننگ انتہائی کار آمد ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :