حکمران پانامہ کے چنگل سے بچ نہیں سکیں گے ، میاں محمد اسلم

حکمرانوں کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی واپس کرنا پڑے گی اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا، شرکاء سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکمران پانامہ کے چنگل سے بچ نہیں سکیں گے ،یہ وہ کمبل ہے جسے حکمران اتار کر پھینکنے میں کامیاب نہیں ہونگے،حکمرانوں کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی واپس کرنا پڑے گی اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا ۔

ملک میںتبدیلی کا واحد راستہ انتخابات ہیں ،جماعت اسلامی 2018کے انتخابات میں ایک بڑی عوامی قوت بن کر ابھر ے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرنائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم اور دیگر نے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

میاں محمد اسلم نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کا واحد راستہ انتخابات ہیں ،غلبہ اسلام اور نفاذ نظام مصطفی ﷺ کے لئے جماعت اسلامی اسی راستہ پر گامزن ہے ۔

جماعت اسلامی نے ملک کو سیکولراور لبرل بنانے کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے اور دستور پاکستان ملک میں قرآن وسنت کے خلاف کسی قانون سازی کی اجازت نہیں دیتا ،حکمران مغربی استعمار اور امریکی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے سیکولر اورلبرل ازم کے نعرے تو لگاتے ہیں مگر وہ دستور کو بدلنے کی جرأت نہیں کرسکتے ،یہ جنگ ہم جیت چکے ہیں ،ہم نے یہ جنگ ڈنڈے یا بندوق کے زور پر نہیں بلکہ دلائل کی قوت سے جیتی ہے ۔

،انہوں نے کہاکہ 57اسلامی ممالک میں صرف پاکستان کے آئین میں قرآن و سنت کو سپریم لاء اور اللہ تعالیٰ کی ذات کو حاکم اعلیٰ تسلیم کیا گیا ہے ۔بین الاقوامی اور عالمی شہرت کے حامل اداروں کے سروے میں بھی اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے 90فیصد سے زائد عوام ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جس دن پاکستان کے آئین پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عمل ہوگیا کوئی کرپٹ ،خائن اور چور لٹیرا ایوان اقتدار میں نہیں پہنچ سکے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 170لوگ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے ممبر رہے ،کراچی سمیت کئی اضلاع کے ناظم رہے مگر آج تک کسی ایک کے دامن پربھی کرپشن یا بدیانتی کا کوئی دھبہ نہیں ۔جماعت اسلامی ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے جس میں باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں ،جبکہ دوسری پارٹیاں خاندانی جاگیریں بن چکی ہیں۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ آزادی کے 70سال بعد بھی عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ،قوم اشرافیہ کی غلامی سے نکلنے کیلئے بے چین ہے ،اقتدار پر وہی لوگ مسلط ہیں جن سے آزادی حاصل کرنے کیلئے ہمارے بڑوں نے تاریخ انسانی کی بے مثال قربانیاں دیں اور عظیم ہجرت کی مگر ابھی تک عوام کو ان کے خوابوں کی تعبیر نہیں مل سکی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم وجبر کے اس نظام کے خاتمہ کی جدوجہد کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :