حکمران ہی دہشت گردوں کے سہولت کار،دہشت گردی کیسے ختم ہو ‘کون نہیں جانتا حکمرانوں کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں‘اولیاء کرام کی درگاہیں امن اور محبت کا مرکز،حملہ کرنے والے خوارج جہنم کے کتے ہیں

پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے رہنمائوں کی لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر حملے کی بھرپور مذمت

جمعہ 17 فروری 2017 23:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ،سینئر نائب صدر ڈاکٹر زبیراے خان،سیکرٹری جنرل سردار سیف اللہ خان سدوزئی ا یڈووکیٹ،مرکزی رہنما سردار شاکر مزاری،چوہدری قمرعباس دھول،رائو محمد عارف رضوی اور میجر محمد اقبال چغتائی نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر ہونیوالے خودکش بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہارکیا ہے۔

اس موقع پر رہنمائوں نے دہشت گردی کی اس افسوسناک کاروائی کو حکومت کی مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب حکمران ہی دہشت گردوں کے سہولت کار ہوں تو پھر دہشت گردی کیسے ختم ہوسکتی ہے۔کون نہیں جانتا کہ حکمرانوں کے کالعدم تنظیمات کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں،اور حکومتی سرپرستی میں کالعدم تنظیمیں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے اجتماعات کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

کون نہیں جانتا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کہاں کہاں ہیں اور پنجاب میں رینجرز آپریشن کیوں نہیں ہونے دیا جارہا ۔رہنمائوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی درگاہوں سے انسانوں کو امن اور محبت کا درس ملتا ہے مگر خارجی سوچ کے حامل دہشت گرد ان مراکز امن کو بھی خون میں نہلارہے ہیں۔دہشت گردی کے حملوں میں معصوم انسانی جانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے خوارج جہنم کے کتے ہیں۔ہم درگاہ لعل شہباز قلندرؒ پر دہشت گردی کے حملہ میں شہید ہونیوالے معصوم انسانوں کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونیوالوں کی صحیتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

متعلقہ عنوان :